April 17, 2026

محنت کشوں کی تنظیم سازی کیوں ضروری ہے؟

 محنت کشوں کی تنظیم سازی کیوں ضروری ہے؟

عمران علی

———-

یہ ایک فطری حقیقت ہے کہ انسان اکیلا نہ تو اپنی بقا کو یقینی بنا سکتا ہے اور نہ ہی زندگی کے مسائل اور خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکتا ہے۔

تاریخ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ جب بھی انسان کو مشکلات، ناانصافی یا استحصال کا سامنا ہوا تو اس نے اپنے جیسے ہم خیال اور ہم پیشہ افراد کے ساتھ مل کر اجتماعی طاقت پیدا کی۔ یہی اجتماعی طاقت آگے چل کر تنظیموں، جماعتوں اور اداروں کی شکل اختیار کرتی ہے۔

اسی اصول کے تحت دنیا کے مختلف طبقات نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تنظیمیں قائم کیں، اور مزدور طبقہ بھی اس جدوجہد سے الگ نہیں رہا۔ سرمایہ دارانہ نظام میں جہاں اکثر منافع کو انسان پر فوقیت دی جاتی ہے،

وہاں مزدوروں نے اپنے حقوق کے تحفظ، بہتر حالاتِ کار، منصفانہ اجرت اور باعزت زندگی کے حصول کے لیے ٹریڈ یونینز کی بنیاد رکھی۔ یہی عمل دراصل تنظیم سازی کہلاتا ہے

تنظیم سازی صرف لوگوں کو اکٹھا کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل شعوری، تعلیمی اور عملی عمل ہے۔ اس سے مراد کارکنوں کو منظم کرنا، انہیں یونین کا حصہ بنانا، ان میں شعور اور اعتماد پیدا کرنا اور ایک ایسی اجتماعی قوت تشکیل دینا ہے

 جو نہ صرف اپنے حقوق کا تحفظ کر سکے بلکہ انصاف کے حصول کے لیے مؤثر آواز بھی بن سکے۔ تنظیم سازی کارکنوں کے درمیان ایک ایسا مضبوط رابطہ قائم کرتی ہے جس کے ذریعے معلومات، مسائل اور پیغامات ایک دوسرے تک پہنچتے رہتے ہیں اور ایک مشترکہ جدوجہد جنم لیتی ہے۔

جدید دور میں تنظیم سازی کا تصور مزید وسیع ہو چکا ہے۔ اب یہ صرف یونین بنانے تک محدود نہیں بلکہ کارکن کی سوچ اور شعور میں تبدیلی لانے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

تنظیم سازی کارکن کو یہ سکھاتی ہے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفاد کو سمجھے، اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے اور عملی جدوجہد میں حصہ لے۔

اس طرح ایک عام مزدور ایک باشعور، باوقار اور ذمہ دار فرد بن جاتا ہے جو نہ صرف اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھاتا ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ بنتا ہے۔

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ تنظیم سازی کا کوئی ایک طے شدہ طریقہ نہیں ہوتا۔ مختلف اداروں، علاقوں، ممالک اور براعظموں میں یہ عمل مختلف انداز میں انجام دیا جاتا ہے

 کیونکہ ہر جگہ کے حالات، مسائل اور سماجی اقدار مختلف ہوتے ہیں۔ اس لیے کامیاب تنظیم سازی وہی ہوتی ہے جو مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی اختیار کرے۔

تنظیم سازی کی اہمیت اس وقت اور بھی بڑھ جاتی ہے جب ہم مزدوروں کو درپیش مسائل پر غور کرتے ہیں۔ ایک غیر منظم مزدور نہ صرف کمزور ہوتا ہے بلکہ وہ آسانی سے استحصال کا شکار بھی بن جاتا ہے۔

اس کے برعکس ایک منظم مزدور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوط آواز رکھتا ہے۔ تنظیم سازی ایک مضبوط، متحد اور جمہوری ٹریڈ یونین کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے جو مزدوروں کے مسائل کو اجتماعی سطح پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تنظیم سازی مزدوروں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرتی ہے، انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلانے میں مدد دیتی ہے اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کی راہ ہموار کرتی ہے۔

یہ خواتین مزدوروں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے اور ایک ایسا ماحول پیدا کرتی ہے جہاں ہر فرد کو برابری کی بنیاد پر مواقع میسر ہوں۔

مزید برآں، تنظیم سازی مزدوروں اور مالکان کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ایک مضبوط یونین مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرتی ہے اور صنعتی امن کو فروغ دیتی ہے۔ اجتماعی سودا کاری کے ذریعے مزدور بہتر اجرتیں، مراعات اور کام کے حالات حاصل کرتے ہیں۔

تنظیم سازی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ یہ ایک ادارے میں متعدد کمزور یونینوں کے بجائے ایک مضبوط اور متحد یونین کے قیام پر زور دیتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ قومی اور عالمی سطح پر مزدوروں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دیتی ہے، جس سے مزدور تحریک مزید مضبوط ہوتی ہے۔

تعلیم و تربیت بھی تنظیم سازی کا ایک لازمی جزو ہے۔ یہ کارکنوں میں شعور پیدا کرتی ہے، قیادت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے اور انہیں ایک منظم اور مؤثر جدوجہد کے قابل بناتی ہے۔

اسی طرح تنظیم سازی مزدوروں کو قانون سازی کے عمل میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے وہ لیبر قوانین میں بہتری لا سکتے ہیں اور انہیں بین الاقوامی اصولوں، خصوصاً  ائی ایل او کنونشنز اور انسانی حقوق کے عالمی منشور کے مطابق ڈھالنے کے لیے جدوجہد کر سکتے ہیں

یہ کہنا بجا ہوگا کہ تنظیم سازی مزدور کی طاقت، عزت اور مستقبل کی ضمانت ہے۔ یہ نہ صرف فرد کو مضبوط بناتی ہے بلکہ ایک منصفانہ، متوازن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد بھی رکھتی ہے۔

یاد رکھیں بکھرے ہوئے مزدور کمزور ہوتے ہیں، جبکہ منظم مزدور ناقابلِ شکست طاقت بن جاتے ہیں، تنظیم سازی ہی وہ راستہ ہے جو مزدور کو کمزوری سے طاقت، اور غلامی سے آزادی کی طرف لے جاتا ہے،

تعارف : عمران علی پاکستان فیڈریشن آف کیمیکل، انرجی، مائنز اینڈ جنرل ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری ہیں وہ مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد میں صفِ اول کے رہنما کے طور پر پہچانے جاتے ہیں اور صنعتی شعبے سے وابستہ محنت کشوں کے مسائل پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ مزدوروں کی فلاحی اسکیموں میں موجود نظامی خرابیوں اور انتظامی بحران پر آواز بلند رکھتے ہیں

image_printخبریں پرنٹ کریں
0 Shares

مزید خبریں

WhatsApp