اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
کامریڈ عبدالعزیز عباسی کی چوتھی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاڑکانہ ( نمائندہ / لیبر نیوز ویب ڈیسک ) بابائے مزدور اور بانی وطن دوست مزدور فیڈریشن پاکستان، مزدور تحریک کے سینئر رہنما کامریڈ عبدالعزیز عباسی کی چوتھی برسی لاہوری محلہ کے مرکزی لیبر ہال میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ تقریب صبح 10 بجے سے شام تک جاری رہی، جس میں سندھ بھر سے لیبر فیڈریشنز کے نمائندگان، فیکٹری ورکرز، وکلا، صحافیوں، سماجی تنظیموں، ہیومن رائٹس کارکنان اور مرحوم کے شاگردوں سمیت ملک کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامریڈ عبدالعزیز عباسی نے ساری زندگی مزدوروں کے حقِ یونین سازی، کم از کم اجرت، سوشل سیکیورٹی اور ای او بی آئی جیسے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کی، ان کی تحریک نے سندھ سمیت ملک بھر میں مزدوروں کو منظم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران میں محنت کش طبقہ شدید متاثر ہے، ایسے میں عباسی کا نظریہ اور جدوجہد مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم از کم اجرت کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور ان کے مزار پر پھول چڑھائے گئے۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ کامریڈ عبدالعزیز عباسی کا مشن جاری رکھا جائے گا اور مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد مزید منظم انداز میں آگے بڑھائی جائے گی۔
