اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
چائلڈ لیبر کے خلاف کارروائیاں؛ پنجاب لیبر ڈیپارٹمنٹ نے 50 سے زائد مقدمات درج کرلیے
لاہور (نمائندہ، عامر سیل / لیبر نیوز ویب ڈیسک) محکمہ محنت پنجاب نے چائلڈ لیبر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال کے دوران 50 سے زائد ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرا دیے۔ محکمہ کے مطابق صنعتی و تجارتی اداروں کی باقاعدہ انسپکشن جاری ہے جہاں 5 سے 14 سال کی عمر کے بچوں سے جبری مشقت لینے پر فوری ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بازیاب کرائے گئے کم عمر مزدوروں کو اُن غیرسرکاری تنظیموں کے حوالے کیا جاتا ہے جن کے ساتھ محکمے کے ایم او یوز موجود ہیں، تاکہ متاثرہ بچوں کو عمر کے مطابق تعلیم اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
محکمہ محنت پنجاب کے مطابق چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ حکام کے مطابق محکمہ محنت پنجاب جبری مشقت کے خاتمے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری سنجیدگی اور جانفشانی سے کام کر رہا ہے۔
