اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
فیصل آباد فیکٹری میں گیس دھماکا؛ 20 مزدور جاں بحق
فیصل آباد (نمائندہ، فاروق رحمان) ملک پور کے علاقے میں گیس کے اخراج کے باعث فیکٹری میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں فیکٹری سمیت اطراف کی عمارتیں گر گئیں۔ واقعے میں 20 محنت کش جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ کمشنر آفس کے مطابق ملبے سے تمام لاشیں نکال لی گئیں۔ کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری مالک، منیجر اور دیگر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران حادثے کی وجوہات اور حفاظتی قوانین کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ دھماکہ فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کی کمی اور ممکنہ سکیورٹی خلاف ورزیوں کی وجہ سے پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کیمیکل فیکٹری میں آگ گیس لیکیج کی وجہ سے لگی جس سے فیکٹری میں آگ بھڑکی اور شعلے دیگر یونٹس تک پھیل گئے۔ علاقے میں چار صنعتی یونٹ کام کر رہے تھے جبکہ دھماکے سے قریبی سات گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ زخمی مزدروں کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کمشنر فیصل آباد نے واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے باوجود ملبہ ہٹانے اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے جاں بحق محنت کشوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، تحقیقات شفاف طریقے سے کی جائیں گی۔
