اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا میں نئے وزیرِ محنت فیصل ترکئی کا استقبال، جاری منصوبوں پر بریفنگ
پشاور( نمائندہ عبداللہ خان، لیبر نیوز ویب ڈیسک ) ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا کے ہیڈ آفس میں نئے صوبائی وزیرِ محنت فیصل خان ترکئی کے آنے پر انہیں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیر کا استقبال سیکرٹری بورکرز ویلفیئر بورڈ شیر عالم خان نے کیا، جن کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سیف اللہ خان، ڈائریکٹر ایجوکیشن عارف علی، ڈائریکٹر فنانس محمد علی، ڈائریکٹر جنرل ورکس آصف مجید اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیرِ محنت کو بورڈ کے دائرہ کار، جاری منصوبوں اور محنت کشوں و ان کے بچوں کو فراہم کی جانے والی فلاحی و تعلیمی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری شیر عالم خان نے بورڈ کے جاری ترقیاتی کاموں، بجٹ، انتظامی حکمت عملی اور مزدوروں کو درپیش مشکلات سے متعلق آگاہ کیا۔
فیصل خان ترکئی نے یقین دہانی کرائی کہ محنت کشوں کے مسائل کو قواعد و ضوابط کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ افسران کو انتظامی امور اور تعلیمی مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی کارکردگی مزدور طبقے کی فلاح اور ریاستی ذمہ داری کے احساس کی عکاس ہونی چاہیے۔
اس موقع پر وزیر نے ریگی شاہی بالا میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے معاملے کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ الاٹمنٹ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے اور قانونی اجراء کے مراحل کو تیز کرنے پر بھی زور دیا، جبکہ الاٹمنٹ کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو مدعو کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
وزیرِ محنت کا یہ دورہ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں بہتری، شفافیت کے فروغ اور محنت کشوں، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے فلاحی اقدامات کو موثر اور فعال بنانے کے حکومتی عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔
