اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
شاہ تاج شوگر ملز کے مزدوروں کا تنخواہوں میں اضافے تک جدوجہد کا اعلان
منڈی بہاؤالدین ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) شاہ تاج شوگر ملز کے سی بی اے آفس میں مزدور اتفاق یونین، سینئر اسٹاف اور نان سی بی اے ممبران کا ایک اہم و ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مل انتظامیہ کے مزدور دشمن رویے کے خلاف سخت لائحہ عمل طے کیا گیا۔
اجلاس میں شرکاء نے سینئر ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کو سراسر ناانصافی اور معاشی استحصال قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا۔
یونین رہنماؤں نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک انتظامیہ تنخواہوں میں مناسب اضافے کا جائز مطالبہ تسلیم نہیں کرتی، احتجاجی جدوجہد جاری رہے گی۔ اجلاس میں حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔
سی بی اے نے واضح کیا کہ اگر مطالبات فوری پورے نہ ہوئے تو مستقبل میں سخت ترین احتجاجی اقدامات کیے جائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری مل انتظامیہ پر ہوگی۔ محنت کشوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
