اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
فیکٹری ایکٹ کے تحت اداروں کی گورننگ باڈی میں مزدور نمائندگی نہ ہونے پر تشویش
کراچی (لیبر نیوز ویب ڈیسک ) مہران لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری راحب علی سمیجو اور مزدور رہنما عبدالستار نیازی نے ایک ملاقات میں فیکٹری ایکٹ کے تحت گورننگ باڈی میں مزدور نمائندوں کی عدم شمولیت پر تشویش کا اظہار کیا ہے
مزدور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ اور سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں مزدور نمائندگی نہ ہونے کے باعث محنت کشوں کے مسائل مؤثر انداز میں اجاگر نہیں ہو پا رہے اور فیصلوں میں ان کی رائے شامل نہیں کی جا رہی
انہوں نے کہا کہ قانون کے تقاضوں کے مطابق مزدور نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے تاکہ ادارہ جاتی فیصلوں میں توازن قائم رہے۔ اجلاس میں اس معاملے پر قانونی اور آئینی راستہ اختیار کرنے پر بھی غور کیا گیا اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
