اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
پاکستان کے اعلی سطح کے لیبر وفد کا دورہ بنکاک، لیبر اصلاحات پر اتفاق
بینکاک (لیبر نیوز ویب ڈیسک) پاکستان کے اعلیٰ سطحی لیبر وفد نے آئی ایل او کے ریجنل ڈائریکٹر سے بینکاک میں ملاقات کی۔ وفد میں وفاقی وزیر او پی ایچ آر ڈی چوہدری سالک حسین، آئی ایل او گورننگ باڈی کے رکن اور پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری سعد محمد اور ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید نذر حسین شامل تھے
ملاقات میں حکومت، آجر اور مزدور نمائندوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ خاص طور پر بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کی سہولت، لیبر انسپکشن نظام کو بہتر بنانے، غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کو منظم کرنے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات ہوئی
وفاقی وزیر او پی ایچ آر ڈی چوہدری سالک حسین نے آئی ایل او حکام سے ملاقات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے باوقار روزگار اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایل او گورننگ باڈی کے رکن اور جنرل سیکرٹری پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن چوہدری سعد محمد نے مزدوروں کے مسائل بھرپور انداز میں اٹھائے۔ انہوں نے ٹرائی پارٹائٹ تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
جبکہ ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید نذر حسین نے آجر برادری کی نمائندگی کی۔ انہوں نے لیبر اصلاحات اور بہتر صنعتی تعلقات کے فروغ کی حمایت کی
رہنماؤں نے کہا کہ یہ پیش رفت باوقار روزگار، سماجی انصاف اور مؤثر لیبر اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے
