اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
لاہور ہائیکورٹ نے حبسِ بے جا میں رکھے 25 بھٹہ مزدور بازیاب کروا دیئے
لاہور (عامر سہیل، نمائندہ لیبر نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے رائیونڈ میں قائم ایک بھٹہ پر حبسِ بے جا میں رکھے گئے 25 بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کرا کے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ بازیاب ہونے والوں میں خواتین، بچے اور مرد شامل ہیں
یہ حکم جسٹس تنویر احمد شیخ نے شہری محمد حسن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیا سماعت کے موقع پر پولیس نے بھٹہ مزدوروں کو بچوں سمیت عدالت میں پیش کیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بھٹہ مالکان رانا دلدار اور رانا اکرم نے مزدوروں کو غیر قانونی طور پر قید رکھا ہوا تھا اور مقررہ قوانین کے مطابق اجرت بھی ادا نہیں کی جا رہی تھی
بھٹہ مالکان کے وکیل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں نے ایڈوانس رقم لے رکھی ہے اور وہ اپنی مرضی سے کام کر رہے ہیں۔ تاہم عدالت نے مزدوروں کا مؤقف اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ مزدور آزاد شہری ہیں اور انہیں زبردستی نہیں روکا جا سکتا، جس کے بعد تمام مزدوروں کو فوری طور پر رہا کر دیا گیا۔
