اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
پاکستان اور چین کا ای مائننگ پلیٹ فارم
رپورٹ ( ثناء ادریس اسلام آباد )
پاکستان اور چین نے معدنی شعبے میں تعاون کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مشترکہ طور پر ای مائننگ پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان معدنی وسائل کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معلومات کے مؤثر تبادلے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
اس پلیٹ فارم کا افتتاح پاک چین منرل کوآپریشن فورم کے موقع پر کیا گیا، جس میں حکومتی نمائندوں، معدنی ماہرین، سرمایہ کاروں اور چینی و پاکستانی کمپنیوں نے شرکت ک
ای مائننگ پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر سے متعلق مستند معلومات کو ڈیجیٹل انداز میں یکجا کرنا، سرمایہ کاروں کو معدنی مواقع تک براہ راست رسائی دینا اور دونوں ممالک کے نجی و سرکاری شعبوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے
اس پلیٹ فارم کے ذریعے معدنی بلاکس، لائسنسنگ، قوانین، سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری منصوبوں سے متعلق ڈیٹا ایک ہی جگہ دستیاب ہوگا، جس سے شفافیت میں اضافہ اور فیصلوں میں آسانی پیدا ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، تاہم ان وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعاون سی پیک کے بعد اب معدنی شعبے میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے
چین کے سفیر جیانگ ژائڈانگ نے پاکستان کے معدنی شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای مائننگ پلیٹ فارم دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان اعتماد سازی اور عملی تعاون کو فروغ دے گا۔ ان کے مطابق چینی کمپنیاں پاکستان میں کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتی ہیں
تقریب کے دوران پاک چین معدنی تعاون سے متعلق متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، جن کا مقصد مشترکہ منصوبوں، تربیت، تحقیق اور پائیدار کان کنی کو فروغ دینا ہے۔ ماہرین کے مطابق ای مائننگ پلیٹ فارم پاکستان کے معدنی شعبے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے، سرمایہ کاری بڑھانے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا
