پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے سکالرشپ فارمز ‘گم’، کوئلہ کان کن کے بچوں کا تعلیمی مستقبل خطرے میں
مزدور رہنما ظہور احمد اعوان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، مزدور اتحاد کی ضرورت پر زور
امیر صدیقی
پاکستانی کی ملکی صنعت اور ٹریڈ یونین تحریک میں اہم مقام رکھنے والے معروف مزدور رہنما اور جنرل ٹائر سی بی اے ورکرز یونین کے سابق جنرل سیکرٹری ظہور احمد اعوان مرحوم کی یاد میں ایک پروقار اور عظیم الشان تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا
مزدور محاذِ عمل کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں شہر بھر کی مختلف ٹریڈ یونینز، مزدور تنظیموں، سیاسی و سماجی کارکنان اور کراچی کے اہم صنعتی علاقوں بالخصوص لانڈھی اور کورنگی کے ہزاروں محنت کشوں اور ان کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور مرحوم کے نقشِ قدم پر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تعزیتی ریفرنس کی صدارت مزدور محاذِ عمل کے صدر مرزا مقصود احمد نے کی، جنہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کامریڈ ظہور احمد اعوان کی پوری زندگی، ان کے سیاسی و نظریاتی سفر اور محنت کش طبقے سے ان کی غیر متزلزل وابستگی کا احاطہ کیا۔
مرزا مقصود احمد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کامریڈ ظہور احمد اعوان ایک انتہائی ایماندار، مخلص، نظریاتی اور بے لوث رہنما تھے جن کی پوری زندگی ملک کے مظلوم محنت کشوں کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور انصاف کی مسلسل جدوجہد میں گزری۔ انہوں نے صنعتی جبر اور سرمائے کے استحصال کے سامنے کبھی جھکنا نہیں سیکھا۔ ان کی انتھک جدوجہد، عظیم قربانیاں اور مزدور دوستی ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں اور ان کے اصول و نظریات آنے والی تمام ٹریڈ یونینز کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے
صدارتی خطاب کے دوران مرزا مقصود احمد نے موجودہ معاشی بحران اور صنعتی ناہمواریوں کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام ورکرز اور ٹریڈ یونینز کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا مزدور طبقہ بدترین معاشی مسائل اور حقوق کی پامالی کا شکار ہے، ایسے میں ہمیں اپنے گروہی اور باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا۔ اتحاد ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے ہم مزدوروں کا استحصال روک سکتے ہیں اور لیبر قوانین پر عملدرآمد یقینی بنا سکتے ہیں
اس موقع پر ملی لیبر فیڈریشن (ایم ایل ایف) کراچی کے جنرل سیکرٹری لیاقت مداخیل سمیت مختلف صنعتی علاقوں اور فیڈریشنز کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت مداخیل نے مرحوم ظہور احمد اعوان کو ان کی طویل جدوجہد پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ظہور اعوان بھائی نے جنرل ٹائر اور لانڈھی کے صنعتی زون میں ورکرز کے جو حقوق قائم کیے، وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے

پروگرام کے اختتام پر لیاقت مداخیل نے مزدور محاذِ عمل کے منتظمین کا شکر ادا کیا کہ انہوں نے مزدور تحریک کے ایک عظیم رہنما کو یاد کرنے کے لیے اس قدر منظم، پروقار اور با مقصد پروگرام کا انعقاد کیا۔
تعزیتی ریفرنس کے تمام شرکاء، ٹریڈ یونین نمائندوں اور مزدور رہنماؤں نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ظہور احمد اعوان کے مشن، مزدور اتحاد اور صنعتی انصاف کی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر مزدور محاذِ عمل کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا گیا کہ شہر بھر کی مزدور تنظیموں، سی بی اے یونینز اور غیر منظم شعبوں سے وابستہ محنت کشوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے ملک گیر تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا، تاکہ ای او بی آئی، سوشل سیکیورٹی، کم از کم اجرت اور نوکری کے تحفظ جیسے بنیادی حقوق کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔
