اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
بلوچستان میں گیس کی نئی دریافت
رپورٹ ( حنظلہ عماد، کوئٹہ )
اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے اصلاحاتی وژن کے تحت پاکستان توانائی کے شعبے میں مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کی سمت مسلسل پیش رفت کر رہا ہے
اسی سلسلے میں ماری انرجیز لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع کلچس ساؤتھ بلاک کے تبری-1 کنویں میں گیس کی کامیاب دریافت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی توانائی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے
یہ کلچس ساؤتھ بلاک میں پہلا کامیاب گیس کنواں ہے، جو قومی سطح پر قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہو رہا ہے۔ تبری-1 کنواں گزشتہ برس کھودا گیا تھا اور اسے 7,170 فٹ کی گہرائی تک ڈرل کیا گیا
ابتدائی ٹیسٹنگ کے نتائج کے مطابق کنویں سے یومیہ 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی ملین مکعب فٹ تک گیس کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کنویں کی مکمل پیداواری صلاحیت جانچنے کے لیے مزید تکنیکی ٹیسٹ اور تجزیاتی عمل جاری ہے
ماہرین کے مطابق اس دریافت سے مقامی گیس پیداوار میں اضافہ، مہنگی درآمدی ایل این جی پر انحصار میں کمی اور قومی توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ توانائی کے شعبے میں اس قسم کی کامیابیاں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور معیشت کے استحکام کے لیے بھی نہایت اہم سمجھی جا رہی ہیں
اس منصوبے میں یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ بطور آپریٹر شامل ہے، جبکہ ماری انرجیز لمیٹڈ اور دیوان پیٹرولیم جوائنٹ وینچر پارٹنرز کے طور پر شریک ہیں۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری اور پالیسی سپورٹ کے باعث بلوچستان جیسے اہم مگر نسبتاً پسماندہ خطے میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور دریافتوں کو فروغ ملا ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ تبری-1 کنویں کی کامیابی پاکستان کے ہائیڈروکاربن وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے، مقامی توانائی صلاحیت بڑھانے اور طویل المدتی توانائی خودکفالت کے قومی عزم کی واضح عکاس ہے، جو آنے والے دنوں میں ملکی معیشت کے لیے مثبت نتائج مرتب کرے گی
