July 24, 2026

محنت کشوں کی اسمگلنگ؛ ایف آئی اے نے دو ملزمان گرفتار کر لیے

 محنت کشوں کی اسمگلنگ؛ ایف آئی اے نے دو ملزمان گرفتار کر لیے

اسلام آباد ( نوید احمد، لیبر نیوز ویب ڈسیک ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بیرونِ ملک روزگار کا جھانسہ دے کر پاکستانی محنت کشوں کو کمبوڈیا منتقل کرنے اور جبری مشقت پر مجبور کرنے والے گروہ کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گلگت کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عدنان اسلم اور انعام اللہ کے ناموں سے ہوئی۔ حکام کے مطابق عدنان اسلم کو ہنزہ سے حراست میں لیا گیا، جبکہ انعام اللہ کو چین فرار ہونے کی کوشش کے دوران ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد پاکستان پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گروہ گلگت بلتستان کے محنت کش نوجوانوں کو آن لائن انٹرویوز کے ذریعے بیرونِ ملک معقول ملازمت کا لالچ دے کر کمبوڈیا بھجواتا تھا۔ لاہور ایئرپورٹ سے روانگی کے بعد متاثرین کو کمبوڈیا میں ویتنام کی سرحد کے قریب غیر قانونی ٹھکانوں پر قید کر لیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق محنت کشوں کے پاسپورٹ ضبط کیے جاتے اور انہیں آن لائن دھوکے بازی اور دیگر جبری مشقت پر مجبور کیا جاتا۔ متاثرہ خاندانوں سے دو ہزار سے پانچ ہزار تین سو ڈالر تک تاوان بھی طلب کیا گیا۔ کئی افراد کی رہائی تاوان ادا ہونے کے بعد ممکن ہوئی۔

پاکستان کی مزدور تنظیموں نے واقعے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بیرونِ ملک روزگار کے نام پر محنت کشوں کے استحصال میں ملوث گروہوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کی جائے۔ تنظیموں نے متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی تلاش جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں

image_printخبریں پرنٹ کریں
0 Shares

مزید خبریں

WhatsApp