آئی سی آر سی کے بجٹ میں کمی؛ 2,900 ملازمین فارغ کرنے کا اعلان
نیویارک (لیبر نیوز ویب ڈیسک ) بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس آئی سی آر سی نے بجٹ میں نمایاں کمی کے باعث 2,900 ملازمین کی خدمات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے کے مطابق فنڈنگ میں عالمی سطح پر کمی کے بعد ترجیحات کو ازسرِنو طے کر کے فرنٹ لائن انسانی امدادی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی آر سی اسمبلی نے سال 2026ء کے لیے 1.8 ارب سوئس فرانک کا بجٹ منظور کیا ہے جو 2025ء کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہے۔ تنظیم نے اسے عالمی سطح پر انسانی امداد کے لیے “بدتر ہوتی ہوئی مالی صورتحال” قرار دیا ہے۔
آئی سی آر سی کی صدر مرجانا اسپولجاریچ نے کہا کہ ’’مسلح تنازعات میں اضافہ، فنڈنگ میں شدید کمی اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیاں گہری تشویش کا باعث ہیں۔‘‘ ان کے مطابق مالی دباؤ ادارے کو ’’مشکل فیصلے‘‘ کرنے پر مجبور کر رہا ہے تاکہ ضرورت مندوں تک امداد کی فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔
انہوں نے عالمی حکومتوں پر زور دیا کہ فوجی اخراجات بڑھانے کے ساتھ ساتھ انسانی تحفظ اور تنازعات کی روک تھام کے لیے امدادی فنڈنگ میں بھی اضافہ کیا جائے۔
