اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
سندھ میں صنعتی مزدوروں کے لیے
سندھ میں صنعتی مزدوروں کے لیے ملک کا پہلا ڈیجیٹل ورکر ویلفیئر کارڈ متعارف
کراچی (نمائندہ، امیر صدیقی ) سندھ حکومت نے صنعتی مزدوروں کی فلاح کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے سندھ انشورنس کمپنی کے تعاون سے ملک کا پہلا ڈیجیٹل ورکر ویلفیئر کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر محنت و افرادی قوت سندھ شاہد عبدالسلام تھہیم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ کارڈ صوبے کے 34 لاکھ صنعتی مزدوروں کو شفاف، خودکار اور کاغذی کارروائی سے پاک سہولت فراہم کرے گا۔ مزدوروں کو لائنوں میں لگنے یا کسی بروکر کی ضرورت نہیں رہے گی اور تمام مراعات براہِ راست ان کے شناختی کارڈ سے منسلک کر دی جائیں گی۔
وزیر محنت کے مطابق رجسٹرڈ مزدور ویب پورٹل پر صرف اپنا شناختی کارڈ نمبر اور ادارے کا اندراج کریں گے، جبکہ نظام نادرا اور ای او بی آئی سے فوری تصدیق کے بعد خودکار رجسٹریشن مکمل کرے گا۔ سیکریٹری محنت رفیق قریشی نے بتایا کہ ورکر ویلفیئر کارڈ کے ذریعے
ڈیتھ گرانٹ، شادی گرانٹ، تعلیمی وظائف اور دیگر فلاحی سہولتیں براہِ راست فراہم ہوں گی۔ مزید کہا کہ سندھ انشورنس لمیٹڈ اور تکافل سسٹم کے تحت ہر رجسٹرڈ مزدور کو ملک کے 250 سے زائد اسپتالوں میں سالانہ 7 لاکھ روپے تک کی کیش لیس حادثاتی ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی، جس میں ہر قسم کے حادثات شامل ہوں گے۔
شاہد تھہیم نے بتایا کہ سندھ حکومت محنت کش خواتین کی سہولت کے لیے 10 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں مفت فراہم کرے گی جن میں 20 فیصد کوٹہ اقلیتی خواتین کے لیے مختص ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سلائی مشینوں کی تقسیم، فلاحی کالونیوں اور مزدوروں کے تعلیمی اداروں کی بحالی کے منصوبے بھی تیز رفتاری سے جاری ہیں۔
