مستقبل کے مزدوروں کا تحفظ ، آئل اینڈ گیس اور گیگ ورکرز یونینز کا مشترکہ اجلاس
رپورٹ : مدثر خان
پاکستان میں تبدیل ہوتی ہوئی صنعتی دنیا، ڈیجیٹلائزیشن اور غیر روایتی روزگار کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے پیشِ نظر محنت کشوں کے تحفظ، ان کے حقوق کی پاسداری اور کام کی جگہوں پر محفوظ ماحول کی فراہمی ایک اہم چیلنج بن چکی ہے

اسی تناظر میں آل پاکستان آئل اینڈ گیس ایمپلائز فیڈریشن اور گیگ، پلیٹ فارم اینڈ ہوم بیسڈ ورکرز یونین کا ایک مشترکہ اور اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد تبدیل ہوتے ہوئے جدید کاری کے دور میں محنت کشوں کے درپیش مسائل، بالخصوص کام کی جگہوں پر صنف پر مبنی تشدد، ہراسانی کے خاتمے اور سوشل سیکیورٹی کی فراہمی جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کرنا اور آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا تھا
اجلاس میں شریک مزدور رہنماؤں نے صنعتی، توانائی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ ہوم بیسڈ اور آن لائن پلیٹ فارمز گیگ ورکرز سے منسلک محنت کشوں کی حالتِ زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا

گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ روایتی اداروں کے علاوہ جدید ڈیجیٹل اور ہوم بیسڈ سیکٹر میں کام کرنے والے محنت کش، خصوصاً خواتین، ہراسانی اور صنف پر مبنی ناانصافی کا سب سے زیادہ شکار ہوتی ہیں۔
رہنماؤں نے متفقہ طور پر عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محنت کشوں کے وقار، مساوات، محفوظ ماحول اور ہراسانی و صنف پر مبنی تشدد کے کامل خاتمے کے لیے لیبر قوانین اور بین الاقوامی معاہدو ں کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی لیبر حقوق اور معاشی و سماجی انصاف کے بغیر ملک میں پائیدار ترقی ممکن نہیں
اس مشترکہ اجلاس کے دوران ایک پروقار تقریبِ اعتراف کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کے سابق رکن اور پاکستان کی مزدور تحریک کی ممتاز شخصیت جناب ظہور اعوان کو صدارتی تمغۂ امتیاز حاصل کرنے پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکاء نے زہور اعوان کی پاکستان میں ٹریڈ یونین تحریک، صنعتی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور عالمی فورمز پر ملکی محنت کشوں کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے کی تاحیات خدمات کو سراہا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صدارتی تمغۂ امتیاز نہ صرف زہور اعوان کی لازوال خدمات کا اعتراف ہے بلکہ یہ پاکستان کی پوری مزدور تحریک اور محنت کش طبقے کے لیے ایک عظیم اور ناقابلِ فراموش اعزاز ہے۔
اجلاس کے دوران انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے حالیہ انتخابات میں جناب سعد محمد چوہدری کے تاریخی انتخاب کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا اور مبارکباد پیش کی گئی۔ سعد محمد چوہدری آئی ایل او کی تاریخ کے کم عمر ترین اراکین میں سے ایک کے طور پر گورننگ باڈی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اتنے اہم عالمی ادارے کی گورننگ باڈی میں ایک نوجوان پاکستانی لیبر رہنما کی شمولیت ملکی مزدور تحریک کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل اور نئی نسل کے نوجوان لیبر رہنماؤں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کا نوجوان قیادت کا طبقہ عالمی سطح پر مزدوروں کی نمائندگی کا اہل اور باصلاحیت ہے۔
اس مشترکہ اور اہم اجلاس میں پاکستان کی مختلف فعال ٹریڈ یونینز اور سی بی اے کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلال فخر جنرل سیکرٹری، پرنٹنگ پریس سی بی اے، ایم شفیق اسٹیٹ لائف سی بی اے، عروشہ خان جنرل سیکرٹری، پولی کلینک ہسپتال ورکرز یونین،عبد الرؤوف جنرل سیکرٹری، اٹک ریفائنری سی بی اے، حمید جدون صدر، شاہد پادری جنرل سیکرٹری، واسا یونین سی بی اے، قرۃ العین چیئرپرسن، ہوم بیسڈ ورکرز یونین، سمیت تمام عہدیداران اور محنت کشوں نے مزدور اتحاد، یکجہتی اور حقوق کی جدوجہد کو باریابی تک جاری رکھنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا
