سوشل سیکیورٹی اسپتال لانڈھی کا طبی و انتظامی حکام کا مشترکہ دورہ، غفلت پر سخت برہمی کا اظہار
مہمند ڈیم پر لیبر قوانین کے نفاذ
رپورٹ ، محمد عبداللہ
پاکستان میں صنعتی ترقی اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بڑے پن بجلی منصوبے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان منصوبوں پر دن رات خون پسینہ بہانے والے محنت کش ملکی ترقی کے حقیقی ضامن ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں زیرِ تعمیر ‘مہمند ڈیم ہائیڈرو پروجیکٹ’ بھی ایک ایسا ہی بڑا قومی منصوبہ ہے جہاں ہزاروں مزدور اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر کام کر رہے ہیں
تاہم ان بڑے منصوبوں میں اکثر محنت کشوں کے حقوق کی پامالی اور حفاظتی انتظامات میں غفلت کی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔ اسی صورتحال کے پیشِ نظر، حکومتِ خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر لیبر کی خصوصی ہدایات پر مہمند ڈیم پر لیبر قوانین کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم ترین فیلڈ وزٹ کیا گیا ہے
ڈائریکٹر لیبر خیبر پختونخوا کی واضع اور سخت ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ضلع مہمند حشمت علی نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پروجیکٹ کا تفصیلی اور جامع دورہ کیا
اس فیلڈ وزٹ کا بنیادی مقصد پراجیکٹ سائٹ پر مروجہ لیبر قوانین کے عملی نفاذ کی جانچ پڑتال کرنا، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور پراجیکٹ انتظامیہ کے ساتھ محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور قانونی تقاضوں کی تعمیل کے حوالے سے ایک اہم ترین اجلاس منعقد کرنا تھا
ڈیم پر لیبر قوانین کے نفاذ کا جائزہ لینے کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر حشمت علی نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پروجیکٹ کے مختلف سیکشنز، وارڈز اور ورکنگ ایریاز کا خود معائنہ کیا
انہوں نے وہاں بھاری مشینری اور کٹھن حالات میں کام کرنے والے مزدوروں کی کام کی جگہوں کی صورتحال، ان کے اوقاتِ کار اور رہائشی و طبی سہولیات کا گہرائی سے مشاہدہ کیا
اس موقع پر انہوں نے فیلڈ میں موجود متعدد محنت کشوں سے براہِ راست بات چیت بھی کی تاکہ ان کے مسائل کو براہِ راست سمجھا جا سکے
مختلف سیکشنز کے معائنے کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پروجیکٹ کی اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ ایک تفصیلی اور باضابطہ میٹنگ کی جس میں مزدوروں کے حقوق اور قوانین کی پاسداری سے متعلق اہم ترین نکات اور ایجنڈے پر سیر حاصل گفتگو کی گئی
جن میں خیبر پختونخوا لیبر قوانین اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل ایمپلائمنٹ (اسٹینڈنگ آرڈرز) کی پراجیکٹ پر مکمل اور بلا تاخیر تعمیل سمیت قانون کے مطابق مزدوروں کو حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت کی ادائیگی، روزانہ اور ہفتہ وار اوقاتِ کار کی پابندی، ہفتہ وار تعطیل اور مقررہ قوانین کے تحت اوور ٹائم کے پیسوں کی سو فیصد ادائیگی
پراجیکٹ پر کام کرنے والے تمام چھوٹے بڑے ملازمین کے لیے پیشہ ورانہ صحت اور حفاظت کے بین الاقوامی اصولوں کے تحت حفاظتی سامان بشمول پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ کی لازمی فراہمی، پراجیکٹ سائٹ پر پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور حادثات کی صورت میں فرسٹ ایڈ ابتدائی طبی امداد کی مؤثر سہولیات فراہم کریں
ملازمین کا ریکارڈ ڈیم پر کام کرنے والے تمام مقامی اور غیر مقامی ورکرز کی باقاعدہ رجسٹریشن اور لیبر قوانین کے مطابق ان کے ملازمت کے ریکارڈ اور حاضری رجسٹر کا باقاعدہ رکھ رکھاؤ پروجیکٹ سائٹ پر کسی بھی سطح پر چائلڈ لیبر (بچہ مزدوری) اور بونڈڈ لیبر جبر کے تحت مزدوری کی روک تھام کو سو فیصد یقینی بنانا
اجلاس کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر حشمت علی نے پراجیکٹ انتظامیہ کو مزدوروں کے تئیں ان کی قانونی ذمہ داریوں اور آئینی فرائض کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے حکومتِ خیبر پختونخوا کی مزدور دوست پالیسی اور لیبر قانون سازی کی روشنی میں کام کی جگہ پر ایک محفوظ، صحت مند اور سازگار ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت پر انتہائی زور دیا پراجیکٹ انتظامیہ تمام نافذ العمل لیبر قوانین، رولز اور قوانین پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائے
تصدیق اور جانچ پڑتال کے لیے تمام مزدوروں کا اپ ڈیٹ شدہ ریکارڈ، حاضری اور ویج رجسٹر تنخواہوں کا ریکارڈ فوری طور پر لیبر آفس مہمند میں جمع کروایا جائے فیلڈ وزٹ کے دوران مزدوروں کی فلاح و بہبود، صحت اور حفاظت کے حوالے سے جو بھی خامیاں یا کمی بیشی سامنے آئی ہیں، انہیں مقررہ وقت کے اندر فوری طور پر دور کیا جائے
لیبر ڈیپارٹمنٹ ضلع مہمند کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا۔ مہمند ڈیم ہائیڈرو پروجیکٹ کی انتظامیہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے ساتھ مکمل تعاون کا اعتراف کیا اور اس بات کا پختہ عزم ظاہر کیا کہ وہ محنت کشوں کے حقوق، تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کردہ تمام احکامات اور ہدایات پر من و عن عملدرآمد کریں گے تاکہ ملکی ترقی کا یہ بڑا منصوبہ مزدوروں کے لیے بھی ایک مثالی کام کی جگہ بن سکے
