July 24, 2026

پاکستانی محنت کشوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع

 پاکستانی محنت کشوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع

رپورٹ ، اسامہ قذافی

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں اور ہنر مند افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کو تیز کریں

پاکستانی محنت کشوں کے لیے روزگار کے امکانات کو وسعت دینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند محنت کشوں کی سہولت کے لیے پروٹیکٹوریٹ آف امپیگرنٹس  کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن  اور وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مہارتوں کی تربیت، زبان کے کورسز اور پیشہ ورانہ اسناد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں اور حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع سے لیس کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو مختلف ممالک کے ساتھ روابط مضبوط کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو عالمی معیارات کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے، جس سے مقامی ہنر مندوں کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت آسان ہو جائے گی۔

انہوں نے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کی اور ہدایت کی کہ روزگار فراہم کرنے والے ممالک کی ضروریات کے مطابق زبانوں کی تربیت کے لیے خصوصی “کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز” قائم کیے جائیں۔

اجلاس کے دوران حکام نے وزیرِ اعظم کو پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام اور اقوامِ متحدہ کے ادارے ‘یونیسیف’  کے اشتراک سے تیار کردہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر اب تک تقریباً 8 لاکھ نوجوان خود کو رجسٹر کر چکے ہیں۔

حکام کے مطابق، پاکستانیوں کو بیرونِ ملک ملازمتوں کے لیے تیار کرنے کے تربیتی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں اس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانے اور مشنز بیرونِ ملک دستیاب اسامیوں اور مطلوبہ تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت سے متعلق معلومات کو براہِ راست ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل کے ذریعے شیئر کریں گے تاکہ نوجوانوں کو بروقت معلومات مل سکیں

اس اہم جائزہ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ اور چوہدری سالک حسین نے شرکت کی۔

 ان کے علاوہ وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، نیوٹیک کے چیئرمین راجہ قمر الاسلام، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی اجلاس میں موجود تھے

image_printخبریں پرنٹ کریں
0 Shares

مزید خبریں

WhatsApp