اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
لیبر نیوز انٹرنیشنل کے بانی منور ملک انتقال کر گئے
کراچی (لیبر نیوز ویب ڈیسک ) محنت کشوں کی آواز اور مزدور صحافت کا ایک درخشاں باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا۔ سینئر صحافی، لیبر نیوز انٹرنیشنل کراچی کے بانی و ایڈیٹر جناب منور ملک انتقال کر گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
منور الاسلام ملک صحافت کے اُس دور سے وابستہ رہے جب مزدور طبقے کی آواز سننا اور اسے اجاگر کرنا آسان نہیں تھا۔ مگر انہوں نے اپنے قلم، جذبے اور جرات کے ساتھ محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیا۔ ان کی زیرِ ادارت لیبر نیوز انٹرنیشنل نہ صرف مزدور طبقے کا ترجمان بنا بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہوا جہاں مزدوروں، پنشنرز، اور محنت کش تنظیموں کی جدوجہد کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ مرحوم نے ہمیشہ مزدور دشمن پالیسیوں، کرپٹ افسر شاہی، اور استحصالی نظام کے خلاف قلمی جہاد کیا۔ ان کی تحریریں مزدور دوست نظریات، حق گوئی، اور سماجی انصاف کے عزم سے بھرپور تھیں۔
منور ملک نے نوجوان صحافیوں کو محنت کش طبقے کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں پیشہ ورانہ دیانت داری کے ساتھ اجاگر کرنے کی ترغیب دی۔ وہ محض ایک صحافی نہیں، بلکہ مزدور تحریک کے فکری رہنما اور نظریاتی ساتھی تھے۔ ان کے انتقال پر مزدور تنظیموں، صحافتی حلقوں اور سماجی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا۔ وطن دوست مزدور فیڈریشن، سیسی یونینز، ای او بی آئی اسٹاف ایسوسی ایشنز، اور مختلف ورکنگ جرنلسٹس یونینز نے اپنے بیانات میں کہا کہ منور ملک کا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں ہوسکے گا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نماز عشاء فاروق اعظم مسجد، فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر سات میں ادا کی گئی اور تدفین محمد شاہ قبرستان میں کی گئی۔ مرحوم نے لواحقین میں دو بیٹے، دو بیٹیاں اور ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔
لیبر نیوز انٹرنیشنل محنت کش طبقے کے ترجمان اپنے بانی ایڈیٹر کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔
