کپاس کی پکار موبائل ایپ پنجاب اور سندھ کی زرعی مزدور یونینز کا تاریخی انقلاب
سیسی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، محنت کشوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

معاذ مغل
سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے ہیڈ آفس میں پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کے افسران، ملازمین اور مزدور رہنماؤں نے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ شرکت کی
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے قومی پرچم لہرایا، جس کے ساتھ ہی قومی ترانہ بجایا گیا۔
پرچم کشائی کے بعد ملک کی سلامتی، بقا اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا،

جبکہ سیسی کے سابق ڈائریکٹر حبیب اللہ نے ملی نغمے پیش کر کے تقریب میں موجود شرکاء کے اندر جوش و جذبہ پیدا کر دیا تقریب میں سیسی ہیڈ آفس کے ڈائریکٹرز، انتظامی افسران اور ملازمین کے علاوہ محنت کش رہنماؤں نے بالخصوص شرکت کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے کہا کہ قیامِ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں اور طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی کی اس نعمت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ تمام ادارے اور ان کے ملازمین اپنے فرائضِ منصبی دیانت داری، محنت اور سچائی کے ساتھ ادا کریں تا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے
انہوں نے مزید کہا کہ محنت کش اور مزدور طبقہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
سیسی بحیثیت ادارہ اپنے رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات، مالی امداد اور سماجی تحفظ کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بکارِ لانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ورکرز کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر اور جامع بنایا جائے گا۔

اس موقع پر پیپلز اسٹاف یونین کے صدر احمد نواز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کا دن ہمیں باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے مزدوروں کی خدمات کو سراہا
تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی اور پائیدار استحکام کی اجتماعی دعاؤں کے ساتھ ہوا، جبکہ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر ملک سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
