سانحہ اسپین کاریز کے شہید کان کنوں کی میتیں کوئٹہ روانہ، مزدور تنظیموں کا گہرے دکھ کا اظہار
پائلر کا ٹیکسٹائل و گارمنٹس ورکرز کے لیے سیسی کے مراعات اور حقوق پر آگاہی سیشن
رپورٹ ، فیضان شیخ
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ( پائلر) کے تحت مختلف ٹیکسٹائل اور گارمنٹس فیکٹریوں کے محنت کشوں کے لیے ایک خصوصی اور اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا
اس تربیتی نشست کا بنیادی عنوان “سوشل سیکیوریٹی ادارے اور مزدوروں کے حقوق: سماجی تحفظ، مراعات اور سوشل سیکیوریٹی تک رسائی کی تفہیم” تھا، جس میں مختلف صنعتی اداروں سے آئے ہوئے ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی

اس نشست کا بنیادی مقصد صنعتی اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو ان کے قانونی، طبی اور معاشی حقوق سے آراستہ کرنا اور سوشل سیکیوریٹی کے نظام سے حاصل ہونے والی سہولیات سے واقف کرانا تھا، تاکہ وہ اپنے روزمرہ کے مسائل کے حل اور ہنگامی حالات میں ان خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں
تربیتی سیشن کی میزبانی اور بریفنگ سندھ ایمپلائز سوشل سیکیوریٹی انسٹی ٹیوشن سیسی کے ڈائریکٹر وسیم جمال نے کی۔ انہوں نے شرکاء کو سوشل سیکیوریٹی کے مجموعی ڈھانچے اور آئینی و قانونی فریم ورک کے بارے میں تفصیلی اور جامع آگاہی فراہم کی
اپنے خطاب میں وسیم جمال نے مزدوروں کے بنیادی حقوق، سوشل پروٹیکشن کے میکانزم اور سیسی کے تحت رجسٹرڈ ہونے کے طریقے کار کو تفصیل سے بیان کیا
انہوں نے واضح کیا کہ ایک ورکر کو سیسی کے نظام میں شامل ہونے کے لیے کیا اہلیت درکار ہوتی ہے اور رجسٹریشن کے مراحل کو کس طرح آسانی سے مکمل کیا جا سکتا ہے

ڈائریکٹر سیسی نے اس بات پر زور دیا کہ رجسٹریشن کے بعد ایک مزدور اور اس کا خاندان کن کن مراعات کا حقدار بنتا ہے، جن میں مفت علاج معالجہ، زچگی کے اخراجات، دورانِ ملازمت حادثے یا معذوری کی صورت میں مالی معاونت، اور دیگر سوشل سیکیوریٹی فائدے شامل ہیں
یہ سیشن مکمل طور پر سوال و جواب پر مبنی تھا، جہاں فیکٹری ورکرز نے کھل کر اپنے تحفظات، درپیش مسائل اور سوشل سیکیوریٹی کارڈ کے حصول میں آنے والی دشواریوں کے بارے میں سوالات کیے
وسیم جمال نے ورکرز کے سوالات کے باضابطہ جوابات دیے اور انہیں گائیڈ کیا کہ وہ کس طرح سیسی کی خدمات تک بروقت رسائی حاصل کر کے اپنے حقوق کا تحفظ کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر پائلر کے نمائندوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محنت کشوں کی بیداری، ان کے حقوق کے تحفظ اور ہر مزدور کو باوقار روزگار کے ساتھ ساتھ مکمل سماجی تحفظ کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد اور آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے

