وزیر محنت پنجاب منشاء اللہ بٹ کا چائلڈ لیبر کے خلاف آگاہی واک میں شرکت
سیالکوٹ ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) عالمی انسدادِ چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر صوبائی وزیر برائے لیبر و افرادی قوت پنجاب، محمد منشاء اللہ بٹ نے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں منعقدہ ایک خصوصی آگاہی واک میں شرکت کی۔
واک کا مقصد معاشرے سے بچوں کی مشقت کے ناسور کا خاتمہ کرنا اور بچوں کے تعلیمی و بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عوامی شعور کو بیدار کرنا تھا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، ممتاز سماجی و سیاسی شخصیات، مختلف ٹریڈ یونینز سے وابستہ محنت کشوں، خواتین اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی
واک کے شرکا نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کے لیے لازمی تعلیم کے نعرے درج تھے
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پنجاب معصوم بچوں کے استحصال کو روکنے، قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے اور انہیں اوزاروں کے بجائے کتابیں فراہم کر کے ایک روشن اور محفوظ مستقبل دینے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے
