فباٹی کا بجٹ میں صنعتی پیکیج اور فائنل ٹیکس ریجیم کی بحالی کا مطالبہ
کراچی ( لیبر نیوز ٹریڈ ڈیسک ) فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27ء میں ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔
وزارتِ خزانہ کو ارسال کردہ بجٹ تجاویز میں ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ عالمی کشیدگی اور مہنگائی کے باعث صنعت اور برآمدی شعبے کے چیلنجز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فباٹی کے صدر شیخ تحسین نے تجویز پیش کی کہ ملکی برآمدات کو تحفظ دینے کے لیے ایکسپورٹرز کے لیے آسان اور مستحکم فائنل ٹیکس ریجیم کو فوری بحال کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں سیلز ٹیکس ریفنڈ، ای ایف ایس اور ایڈوانس ٹیکس کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا، جبکہ صنعت کے اندر جدید ٹیکنالوجی، توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی پر مبنی اصلاحات لانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
