آسٹریلوی ہائی کمشنر کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ، باہمی تجارت اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور
راولپنڈی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں چیمبر کے صدر عثمان شوکت اور نائب صدر فہد برلاس نے ان کا پرجوش استقبال کیا
ملاقات کے دوران آر سی سی آئی کے صدر نے ہائی کمشنر کو چیمبر کی تجارتی و صنعتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور فارماسیوٹیکل، آئی ٹی، معدنیات، زراعت، لائیو سٹاک اور فنی تعلیم کے شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مشترکہ تعاون کے مواقع پر روشنی ڈالی
اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے دونوں ممالک کے عوامی اور تجارتی تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے فوڈ سیکیورٹی، واٹر مینجمنٹ اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کو اہم قرار دیا
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 22,000 سے زائد پاکستانی طلبہ آسٹریلیا میں زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ زراعت کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان چار دہائیوں سے زائد عرصے سے شراکت داری قائم ہے۔
