سانحہ اسپین کاریز کے شہید کان کنوں کی میتیں کوئٹہ روانہ، مزدور تنظیموں کا گہرے دکھ کا اظہار
سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف آئینی درخواست دائر
سکھر ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے
ذرائع کے مطابق درخواست گزار قائم الدین کی جانب سے دائر پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ بھر میں بورڈ کے اندر گریڈ 1 سے 14 تک کی تمام حالیہ بھرتیاں بغیر کسی اشتہار اور ضابطے کے خلاف کی گئی ہیں۔
درخواست گزار نے سپریم کورٹ کے ای او بی آئی کیس کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر میں ایسی براہِ راست بھرتیاں غیر قانونی ہیں، لہٰذا ان تعیناتیوں کو منسوخ کیا جائے۔
عدالت میں اس کیس کے ہمراہ جسٹس صلاح الدین پنہور کا 2023ء کا سابقہ عدالتی حکم نامہ بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے
