اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
ایاز لطیف پلیجو کا مزدوروں کی کم از کم اجرت 60 ہزار کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پالیجو نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر آئندہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں کم از کم 60 فیصد اضافے اور صنعتی مزدوروں کی کم از کم اجرت 60 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لیبر نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 35 فیصد سے زائد مہنگائی، بجلی، گیس اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے تنخواہ دار طبقے، مزدوروں اور ہاریوں کو خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیا ہے۔ ایک عام ملازم کی تنخواہ 15 دن بھی نہیں چل پاتی، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی قلیل پینشن ادویات کے اخراجات کے لیے بھی ناکافی ہے۔
ایاز لطیف پالیجو نے زراعت کی بحالی کے لیے کسانوں کو ایک سال کے لیے مفت بیج، کھاد اور سستی زرعی مشینری دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے مقتدر حلقوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ہمیشہ اشرافیہ کو نوازا جاتا ہے، جبکہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی یعنی مزدور طبقے کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ بجٹ محض اعداد و شمار کا کھیل نہیں بلکہ عوامی زندگی کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔
