پاکستان اور کینیا کا پانچ سال میں دوطرفہ تجارت کا حجم دگنا کرنے پر اتفاق
اسلام آباد( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) پاکستان اور کینیا نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے آئندہ پانچ برسوں میں باہمی تجارت کا حجم دگنا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اہم ہدف کی منظوری اسلام آباد میں منعقدہ ‘پاکستان-کینیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے دوسرے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری تجارت پاکستان جواد پال اور کینیا کی پرنسپل سیکرٹری ریجینا اے اومبام نے کی۔ دونوں ممالک نے کسٹمز، سرمایہ کاری، فارماسیوٹیکلز، آئی سی ٹی، بینکاری، اور سیاحت سمیت متعدد ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا
مشترکہ اعلامیے کے مطابق، دونوں فریقین نے مارکیٹ تک رسائی اور برآمدات کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت زرعی مصنوعات کے لیے کسٹمز اور تکنیکی معیارات کو آسان بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
