بلوچستان میں تجارت کے فروغ کے لیے لسبیلہ چیمبر میں ٹڈاپ ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
حب( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) بلوچستان میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستان ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے اعلیٰ حکام نے لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد جنوبی بلوچستان کے برآمد کنندگان کی معاونت کے لیے چیمبر میں باقاعدہ ہیلپ ڈیسک قائم کرنا ہے۔
لسبیلہ چیمبر کے صدر اور حب سالٹ کے سی ای او اسماعیل ستار نے ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران لسبیلہ انڈسٹریل زون اور ماربل سٹی کی 300 سے زائد رجسٹرڈ کمپنیوں سمیت زراعت اور معدنیات کے شعبوں کو اسٹریٹجک مدد فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسماعیل ستار نے وفد کو بتایا کہ اکیلا حب شہر قومی خزانے میں 480 ارب روپے ٹیکس دیتا ہے۔ دونوں فریقین نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کی برآمدی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مشترکہ ایکشن پلان پر اتفاق کیا۔
