پاکستان کوریا ٹیکنیکل ٹیکسٹائل سینٹر کا سنگِ بنیاد، برآمدات میں اضافے کی امید
فیصل آباد( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر پاکستان کوریا ٹیکنیکل ٹیکسٹائل سینٹر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے
جس سے ملک میں اعلیٰ مالیت کے ٹیکسٹائل شعبے میں جدت کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ منصوبہ جنوبی کوریا کی سرکاری ترقیاتی امداد کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کی صدارت ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود نے کی، جبکہ کوائیکا کے کنٹری ڈائریکٹر جی ہو ین مہمانِ خصوصی تھے
ڈاکٹر راشد مسعود نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد حصے کے ساتھ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے
تاہم عالمی مقابلے میں برقرار رہنے کے لیے روایتی کپڑے کے بجائے صنعتی اور تکنیکی ٹیکسٹائل کی طرف منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے جس میں یہ سینٹر اہم کردار ادا کرے گا۔
