برج ون پلازہ حادثہ ، محکمہ لیبر پنجاب کی کارروائی تعمیراتی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج
لاہور ( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع برج ون پلازہ میں لفٹ کیبل ٹوٹنے کے المناک حادثے کے بعد محکمہ لیبر پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کے خلاف قانونی شکنجہ کس دیا ہے
لیبر ڈیپارٹمنٹ حکام کے مطابق حادثے کی ذمہ دار بنو مختار کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات میں سنگین غفلت برتنے پر پراجیکٹ سائٹ کو پوش ایکٹ 2019 کے تحت مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے
محکمہ لیبر پنجاب کے مطابق کام کی جگہ پر مزدوروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے محنت کشوں کے قانونی واجبات اور معاوضے کی ادائیگی کے لیے بھی عمل شروع کر دیا گیا ہے
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات مکمل کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کا سدباب ہو سکے۔
