یوم مئی جلسہ، آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز اور بلوچستان لیبر فیڈریشن کا لیونگ ویج کا مطالبہ
یومِ مئی پر سعید غنی کا پیغام؛ سندھ حکومت کی مزدور دوست قانون سازی کا دعویٰ
کراچی( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) وزیرِ محنت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے یومِ مزدور کے موقع پر ملک بھر کے محنت کشوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے منشور پر سختی سے عمل پیرا ہے
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ اسمبلی سے محنت کشوں کی فلاح کے لیے جتنے قوانین منظور کرائے گئے، ان کی مثال کسی اور صوبے میں نہیں ملتی
سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے خواتین ہاریوں اور ہوم بیسڈ ورکرز کو یونین سازی کا تاریخی حق فراہم کیا ہے۔ انہوں نے یونیورسلائزیشن آف سوشل سیکیورٹی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اب رکشہ ڈرائیور، مالی، باورچی اور دکانوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو بھی رجسٹرڈ کر کے انہیں اور ان کے خاندان کو صحت و تعلیم کی مفت سہولیات دی جائیں گی
انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو مزدور کارڈ کا دائرہ کار جلد ہی تمام محنت کشوں تک وسیع کر دیا جائے گا
وزیر محنت سندھ سعید غنی نے سیاسی جماعتوں کے دوہرے معیار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کئی جماعتیں عوام میں آکر تو مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہیں، لیکن جب اسمبلی میں ان کے حقوق کی قانون سازی کا وقت آتا ہے تو وہی جماعتیں مخالفت میں کھڑی ہو جاتی ہیں
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کے مسائل صرف نعروں سے نہیں بلکہ خلوصِ نیت اور عملی قانون سازی سے حل ہوں گے، اور ایسی دوغلی پالیسیوں سے محنت کش طبقے کا استحصال ختم نہیں کیا جا سکتا۔
