نمک کی برآمدات میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کسٹمز اور صنعتی نمائندوں میں اتفاق
پاک ایران ٹرانزٹ کوریڈور کا آغاز: کراچی سے پہلی کھیپ ازبکستان روانہ
کراچی ( حسن خان، ہیڈ لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) پاکستان نے علاقائی تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے باضابطہ طور پر پاکستان ایران ٹرانزٹ کوریڈور کا افتتاح کر دیا ہے
اس نئے تجارتی راستے کے ذریعے اتوار کے روز کراچی سے منجمد گوشت کی پہلی برآمدی کھیپ تاشقند، ازبکستان کے لیے روانہ کی گئی۔ کراچی میں منعقدہ تقریب میں کسٹمز حکام اور لاجسٹکس ماہرین نے اسے وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔
نئے انتظام کے تحت سامان ایران کے راستے ٹی آئی آر ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جائے گا، جس سے سرحدی رکاوٹیں کم ہوں گی اور ترسیل کے وقت و لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔
یہ کوریڈور برآمد کنندگان کو ایک قابلِ بھروسہ اور تیز رفتار زمینی راستہ فراہم کرے گا، جس سے نہ صرف پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں کھلیں گی بلکہ ایران اور وسطی ایشیا کے ساتھ اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
پہلی کھیپ کی کامیاب روانگی کو پاکستان کے تجارتی نیٹ ورک کی توسیع کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
