اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
پورٹ قاسم پر کارگو ہینڈلنگ کے نئے ریکارڈ، ایکسپورٹ میں 1600 فیصد اضافہ
کراچی ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے بحری شعبے نے غیر معمولی ترقی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بندرگاہ پر یومیہ کارگو ہینڈلنگ میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 300 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی کارگو ہینڈلنگ 1 لاکھ 68 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کر گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی روز یہ حجم صرف 57 ہزار میٹرک ٹن تھا۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ متاثر کن اضافہ برآمدی شعبے میں دیکھا گیا، جہاں ایکسپورٹ کارگو ہینڈلنگ 1600 فیصد اضافے کے ساتھ 31 ہزار 914 میٹرک ٹن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال محض 1904 میٹرک ٹن تھی۔
اسی طرح درآمدی کارگو میں بھی واضح اضافہ ہوا ہے، جو 55 ہزار سے بڑھ کر 1 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ ماہرین اسے خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال میں پاکستان کی بندرگاہوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور آپریشنل صلاحیت کا عکاس قرار دے رہے ہیں
