ماری انرجیز کا کھاد کمپنیوں کے ساتھ بڑا معاہدہ، ملک میں یوریا کی پیداوار بڑھنے کا امکان
کراچی ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) ماری انرجیز لمیٹڈ نے فوجی فرٹیلائزر اینگرو اور فاطمہ فرٹیلائزر کے ساتھ متعدد اسٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد ملک میں گیس کی ترسیل اور یوریا کی پیداوار کو بہتر بنانا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق، سندھ کے شہر ڈھرکی میں پریشر انہانسمنٹ فیسیلٹیز کے منصوبے پر عملدرآمد مکمل کر لیا گیا ہے اس منصوبے کے تحت گیس پائپ لائن کی رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور جدید کمپریشن سہولیات نصب کی جائیں گی تاکہ کھاد کے کارخانوں کو مقامی گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے
ماری انرجیز جس کی تیل و گیس کی تلاش میں کامیابی کی شرح 70 فیصد ہے، اس اقدام کے ذریعے قومی غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے مقامی سطح پر سستی یوریا کی دستیابی ممکن ہوگی، جس سے براہِ راست زراعت اور کسان مستفید ہوں گے
