عید سیل سیزن ملکی تاریخ کا بدترین سیزن قرار، خریداری میں 40 فیصد کمی
کراچی ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کراچی میں عید سیل سیزن ملکی تاریخ کا بدترین سیزن ثابت ہوا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ اس سال عید پر خریداری گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد تک کم رہی، جس کی بنیادی وجہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام کی قوتِ خرید میں شدید کمی ہے۔
عتیق میر کے مطابق، تاجروں نے عید کی فروخت کے لیے گوداموں میں جو اسٹاک جمع کیا تھا، اس کا 70 فیصد حصہ فروخت نہیں ہو سکا اور دکانوں پر ہی رہ گیا ہے۔ کراچی کے تاجروں نے رواں سال بمشکل 10 ارب روپے کا مال فروخت کیا ہے، جو کہ تجارتی حجم کے لحاظ سے انتہائی مایوس کن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کے لیے نان نفقہ پورا کرنا ہی مشکل بنا دیا ہے، جس کے باعث تہواروں پر خریداری اب ایک خواب بنتی جا رہی ہے۔
