سندھ کے ضلع گھوٹکی میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت
گھوٹکی ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) ماڑی انرجی لمیٹڈ نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں تیل اور گیس کے نئے اور وسیع ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ کمپنی کے اعلامیے کے مطابق، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اس اہم کامیابی سے متعلق باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے کیونکہ یہ سرمایہ کاروں کے لیے حساس معلومات تصور کی جاتی ہیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنویں کی 3 ہزار 75 میٹر تک کھدائی کے بعد ہائیڈروکاربن کے قابل ذکر ذخائر ملے ہیں۔ ابتدائی ٹیسٹنگ کے مطابق یہاں سے یومیہ تقریباً 48 ملین مکعب فٹ گیس اور 64 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے
ماہرینِ معیشت کے مطابق، اس دریافت سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے سے ملکی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔ توانائی کے شعبے سے وابستہ محنت کشوں اور مقامی آبادی نے اس دریافت کو خطے کی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا ہے
