اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
نامیبیا میں روسنگ یورینیم مائن کے محنت کشوں کابونس کی عدم ادائیگی پر احتجاج
وینڈہوک ( لیبر نیوز فارن ڈیسک): نامیبیا میں روسنگ یورینیم مائن کے سینکڑوں محنت کشوں نے کمپنی انتظامیہ کی جانب سے سالانہ کارکردگی بونس کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔ مزدور یونین من کے مطابق کمپنی نے پیداواری اہداف حاصل کرنے کے باوجود ملازمین کو ان کے جائز حق سے محروم رکھنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔
مزدور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بونس کی کٹوتی محنت کشوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران کارکنوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر انتظامیہ کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے
من لیبر یونین نے واضح کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر بونس کی ادائیگی کا شیڈول جاری نہ کیا تو مائن میں کام مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوگی
دوسری جانب مائن انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں یورینیم کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور آپریشنل اخراجات میں اضافے کے باعث بونس کی ادائیگی میں مشکلات درپیش ہیں تاہم، مزدوروں نے اس عذر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کا منافع ریکارڈ سطح پر ہے اور وہ محنت کشوں کے پسینے کی کمائی روکنے کے لیے حیلے بہانے تلاش کر رہی ہے۔ اس تنازع نے نامیبیا کی مائننگ انڈسٹری میں شدید بے چینی پھیلا دی ہے۔
