اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
بھارت، یورپی یونین ایف ٹی اے پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات کے لیے خطرہ قرار
فیصل آباد ( عثمان صادق، نمائندہ لیبر نیوز ) پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان متوقع فری ٹریڈ ایگریمنٹ پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ہوزری برآمدات کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے
پی ایچ ایم اے کے سینئر نائب چیئرمین احمد افضل اعوان نے وزیراعظم سے فوری نوٹس لینے اور قومی برآمدی مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت یورپی یونین میں جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت ڈیوٹی فری رسائی سے فائدہ اٹھا رہا ہے، تاہم بھارت کو ایف ٹی اے کے ذریعے اسی نوعیت کی سہولت ملنے سے مسابقتی برتری ختم ہو جائے گی
احمد افضل اعوان کے مطابق پاکستان کو پہلے ہی بلند پیداواری لاگت، توانائی بحران اور سخت بین الاقوامی کمپلائنس شرائط کا سامنا ہے، جبکہ بھارت کو ایف ٹی اے کے تحت نسبتاً آسان شرائط میسر ہوں گی
پی ایچ ایم اے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بدلتی عالمی تجارتی صورتحال کے پیش نظر فوری مشاورت، حفاظتی پالیسیوں اور برآمدی شعبے کے لیے خصوصی ریلیف اقدامات کیے جائیں تاکہ پاکستان کی برآمدی مارکیٹ محفوظ رہ سکے
