بھارت میں سوشل سیکیورٹی نہ ملنے پر آن لائن ڈیلیوری دینے والے گیگ مزدوروں کی ملک گیر ہڑتال
نئی دہلی (نمائندہ سیما سنگھ، لیبر نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں آن لائن ڈیلیوری سے وابستہ گیگ مزدوروں نے سوشل سیکیورٹی اور بنیادی تحفظات نہ ملنے کے خلاف دہلی، ممبئی سمیت ملک کے 22 شہروں میں ملک گیر ہڑتال کر دی۔ ہڑتال میں ایک لاکھ سے زائد گیگ ورکرز کی شرکت کی اطلاع ہے۔ ہڑتال کی کال گیگ اینڈ پلیٹ فارم سروس ورکرز یونین کی جانب سے دی گئی
مزدوروں کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم کمپنیاں کم اجرت، طویل اوقاتِ کار اور غیر انسانی ڈیلیوری اہداف کے تحت کام لینے کے باوجود سوشل سیکیورٹی، ہیلتھ انشورنس اور قانونی تحفظ فراہم نہیں کر رہیں۔ ہڑتال کے دوران محنت کشوں نے منصفانہ اجرت، محفوظ کام کے حالات اور مزدور کی قانونی حیثیت تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا
یونین کے مطابق ہڑتال کے باعث متعدد شہروں میں ڈیلیوری سروس متاثر ہوئی، جبکہ کئی کارکنوں نے ایپس پر کام کرنے سے انکار کیا۔ گیگ ورکرز نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر آن لائن ڈیلیوری کرنے والے محنت کشوں کو سوشل سیکیورٹی اور قانونی تحفظ فراہم کرے
