محکمہ محنت سندھ کے اداروں میں گورننگ باڈیز میں شفافیت کے فقدان پر مزدور رہنماؤں کی شدید تنقید
کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) مزدور رہنماؤں نے محکمہ محنت سندھ کے ماتحت اداروں کی گورننگ باڈیز میں عدم شفافیت اور من پسند افراد کی تعنیاتیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے
پاکستان فیڈریشن آف کیمیکل، انرجی، مائنز اینڈ جنرل ورکرز یونین کے صدر محمد سلیم نے کہا کہ محکمہ محنت سندھ کی گورننگ باڈیز کی تشکیل میں شفافیت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے اور انتظامیہ کی جانب سے آج بھی صرف مخصوص تین چار پسندیدہ ناموں پر ہی خصوصی مہربانیاں جاری رکھی جا رہی ہیں
ملی لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر فیصل علی بلوچ نے الزام عائد کیا کہ حق دار اور حقیقی مزدور نمائندوں کو نظر انداز کر کے محدود اور من پسند افراد کو گورننگ باڈیز کا حصہ بنایا جا رہا ہے،
جس سے محنت کشوں کے مسائل کے حل اور اداروں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مزدور رہنماؤں نے معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
