سی پیک کے دوسرے مرحلے سے زراعت، صنعت اور مائننگ میں بڑی سرمایہ کاری متوقع
کراچی ( لیبر نیوز ٹریڈ ڈیسک ) پاکستان چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پی سی جے سی سی آئی کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے (سی پیک 2.0) سے ملک میں زراعت، صنعت اور مائننگ کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ سرمایہ کاری پیدا ہونے کی توقع ہے۔
چیمبر کے کمرشل ایمبیسیڈر عدیل منور نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے چینی عزم کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعاون کا اعادہ کرنے پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کا شکریہ ادا کیا۔
عدیل منور نے بتایا کہ سی پیک کے نتیجے میں پاکستان میں اب تک 25.9 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی براہِ راست سرمایہ کاری آ چکی ہے، جس سے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے اور بجلی کی صلاحیت میں 8 ہزار میگاواٹ کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے شاہراہِ قراقرم کے فیز ٹو کی ری الائنمنٹ اور گوادر بندرگاہ کے ذریعے علاقائی تجارتی رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
