سانحہ اسپین کاریز کے شہید کان کنوں کی میتیں کوئٹہ روانہ، مزدور تنظیموں کا گہرے دکھ کا اظہار
محکمہ محنت سندھ کی غفلت: نیشنل لیبر فیڈریشن کا نام آفیشل گزٹ سے غائب
کراچی (لیبر نیوز ویب ڈیسک) لیبر ڈیپارٹمنٹ سندھ کی ایک اور بڑی انتظامی غفلت اور لاپرواہی سامنے آئی ہے، جہاں سندھ حکومت کے آفیشل گزٹ کی تیاری میں نیشنل لیبر فیڈریشن جیسی متحرک اور نمائندہ مزدور تنظیم کا نام ہی شامل نہیں کیا گیا۔ گزٹ سے نام غائب ہونے پر مزدور حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے
اس سنگین معاملے پر این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان کی قیادت میں ٹریڈ یونینز کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل لیبر سندھ نظیر احمد سومرو سے ان کے دفتر میں ہنگامی ملاقات کی وفد میں این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکریٹری قاسم جمال، سینئر نائب صدر امیر روان، اسرا سواتی، عامر، یعقوب، فرخند علی، اسماعیل شاہ ہاشمی، خواجہ مبشر اور ارشاد علی بھٹو شامل تھے
ملاقات کے دوران وفد نے محکمہ محنت کی اس نااہلی پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ این ایل ایف محنت کشوں کی ایک بڑی نمائندہ تنظیم ہے۔ اگر سرکاری گزٹ میں پائے جانے والے اس سقم کو فوری دور کر کے تنظیم کا نام شامل نہ کیا گیا، تو محکمہ محنت کی اس غفلت کے خلاف ملک گیر سطح پر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی
ڈی جی لیبر سندھ نظیر احمد سومرو نے مزدور رہنماؤں کے تحفظات کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ لسٹ میں این ایل ایف کا نام فوری شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کالی بھیڑوں کی نشاندہی کے لیے یقین دلایا کہ محکمہ محنت کے اندر اس غفلت کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی کہ سرکاری گزٹ کی تیاری میں اتنی بڑی لاپرواہی کس سے اور کیوں کر ہوئی
