ورکرز ویلفیئر فنڈ کے بزنس سینٹر کی بڈنگ کا عمل مکمل
اسلام آباد( لیبر نیوز ویب ڈیسک ) ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے میں اسلام آباد کے معروف تجارتی علاقے ایف سکس (F-6) میں واقع ورکرز ویلفیئر فنڈ کے بزنس سینٹر کے لوئر گراؤنڈ کی لیزنگ کے لیے بولی کا عمل گورننگ باڈی کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی نگرانی میں نہایت شفاف انداز میں مکمل کر لیا گیا ہے
یہ اہم اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ زہرہ جمالی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد سمیت کمیٹی ممبران محترمہ نفیسہ ستی، فرخ شہزاد، عمر رحمان اور زاہد حسین بھٹو نے شرکت کی۔
بڈنگ کے اس عمل میں تمام قانونی و ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے والی 6 مختلف نامور کمپنیوں نے حصہ لیا، جس میں سے سب سے زیادہ 17 لاکھ 25 ہزار روپے کی ماہانہ بولی دینے والی کمپنی کو ضابطے کے مطابق کامیاب قرار دیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کامیاب کمپنی کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس کارروائی کو حتمی منظوری کے لیے اب گورننگ باڈی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ادارے میں مالیاتی شفافیت اور میرٹ ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام انتظامی معاملات کو رولز کے مطابق چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے تمام شریک کمپنیوں کو اعتراضات ریکارڈ کرانے کا موقع بھی دیا گیا، تاہم تمام اراکین اور کمپنیوں نے پورے عمل کو مکمل منصفانہ قرار دیا۔ اجلاس کے مابعد، ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اضافی ایجنڈے کے تحت دو دیگر اہم ترقیاتی نکات کی بھی منظوری دی گئی۔
