پاکستان کی قازقستان کو گوادر فری زونز اور بندرگاہوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی دعوت
اسلام آباد( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی بندرگاہوں اور بالخصوص گوادر کے فری زونز میں مشترکہ سرمایہ کاری کی باقاعدہ دعوت دی ہے۔
اسلام آباد میں قازقستان کے 11 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی بندرگاہیں لینڈ لاکڈ سمندر سے محروم وسطی ایشیائی ممالک کے لیے خلیج، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا کی عالمی منڈیوں تک رسائی کا سب سے بہترین اور تیز ترین ذریعہ ہیں۔ قازق وفد کی قیادت فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور ترلوف کر رہے تھے۔
سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ٹرانس شپمنٹ آپریشنز، آف ڈاک اور ملٹی پرپز ٹرمینلز، ڈرائی ڈاک اور فلوٹنگ ڈاک جیسی جدید بحری سہولیات میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کراچی اور گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قازقستان کو پاکستان کے بلیو اکانومی اقدامات میں شرکت کی پیشکش بھی کی۔ تیمور ترلوف نے پاکستان کے بحری شعبے اور حکومتی معاشی پالیسیوں پر گہرے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کی ترجیحات کے مطابق طویل مدتی اسٹریٹجک سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے۔ دونوں فریقین نے سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کے ذریعے علاقائی تجارتی انضمام کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
