ریکوڈک منصوبے پر پیش رفت کے لیے حکومتِ پاکستان اور بیرک گولڈ کا پختہ عزم
اسلام آباد ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور کان کنی کی عالمی کمپنی بیرک گولڈ کے چیئرمین جان ایل تھورنٹن کے درمیان ہونے والی ایک اہم ملاقات میں ریکوڈک منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس ملاقات میں منصوبے کی تزویراتی اہمیت اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ ریکوڈک محض ایک کان کنی کا منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لیے ایک کلیدی سنگ میل ہے۔
بیرک گولڈ کے چیئرمین نے حکومتِ پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے منصوبے سے اپنی مکمل وابستگی کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ ریکوڈک میں 50 فیصد حصص بیرک گولڈ، 25 فیصد وفاقی حکومت کی کمپنیوں اور 25 فیصد حکومتِ بلوچستان کے پاس ہیں۔ دونوں فریقین نے تمام مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے قریبی ہم آہنگی پر اتفاق کیا ہے۔
