صنعتکاروں کا اسٹوریج اور ڈیمریج چارجز میں ریلیف کا خیرمقدم
کراچی ( لیبر نیوز کامرس اینڈ ٹریڈ ڈیسک ) برآمدی صنعت کے لیے بندرگاہی چارجز میں بڑے ریلیف کا اعلان ہونے پر صنعتکاروں نے خیرمقدم کیا ہے
بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر کے صدر ریحان حنیف نے برآمدی صنعت کو اسٹوریج اور ڈیمریج چارجز میں ریلیف فراہم کرنے پر وزارتِ بحری امور اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کوششوں کو سراہا ہے۔
مشترکہ بیان میں وفاقی وزیر جنید انور چوہدری اور چیئرمین کے پی ٹی کی تعریف کی گئی، جنہوں نے عالمی سطح پر جہاز رانی میں رکاوٹوں کے دوران برآمد کنندگان کے مفادات کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے۔
اس فیصلے کے تحت کراچی گیٹ وے، کے آئی سی ٹی اور ایس اے پی ٹی ایل سمیت بڑے ٹرمینل آپریٹرز خلیجی ممالک کو جانے والے رکے ہوئے کنٹینرز پر چارجز میں رعایت دیں گے۔
صنعتکاروں کے مطابق اس تاریخی اقدام سے بڑھتے ہوئے لاجسٹکس اخراجات سے پریشان برآمد کنندگان کو مالی ریلیف ملے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کی برآمداتی مسابقت برقرار رہے گی۔ یہ اقدامات کراچی بندرگاہ کو علاقائی ٹرانسشپمنٹ حب بنانے کے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
