قائدِ مزدور تحریک بشیر احمد خان بختیار کی 33 ویں برسی، ملک بھر سے وفود کی شرکت
لاہور( مدثر خان، بیورو چیف لاہور ) پاکستان میں مزدور تحریک کے بانی اور نامور رہنما بشیر احمد خان بختیار مرحوم کی 33 ویں برسی کے موقع پر آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے زیرِ اہتمام ایک باوقار تقریب لکشمی چوک کے تاریخی ڈینیسو ہال میں منعقد ہوئی،
تقریب میں ملک بھر سے مرکزی، صوبائی اور ریجنل عہدیداران سمیت مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
اس موقع پر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اسے مزدوروں کے حقوق کے لیے ایک روشن روایت قرار دیا
صوبائی صدر عبدالطیف نظامانی نے اپنے تفصیلی خطاب میں بابا بختیار کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزدوروں کے اتحاد پر زور دیا
مرکزی جوائنٹ صدر و چیئرمین بلوچستان محمد رمضان اچکزئی ، خورشید احمد خان، جاوید بلوچ، عبدالباقی لہڑی، محمد یار علیزئی اور ملک افتخار نے کہا کہ بابا بختیار نے مزدور تحریک کو جو زبان اور ہمت دی وہ آج بھی واپڈا ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشعلِ راہ ہے
مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بشیر بختیار نے جس مشن کا آغاز کیا تھا، اسے ہر صورت جاری رکھا جائے گا اور مہنگائی و بے روزگاری کے اس دور میں مزدوروں کے اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ یہ برسی مزدوروں کی حقوق کی جنگ میں ایک تازہ ولولہ پیدا کرنے کا ذریعہ ثابت ہوئی
