اقوامِ متحدہ سے تارکینِ وطن محنت کشوں کے لیے یونین سازی کے حقوق تسلیم کرنے کا مطالبہ
بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے صنعت کو مفلوج کر دیا
اسلام آباد ( اسامہ قذافی، نمائندہ لیبر نیوز ) آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی تازہ ترین آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2015 کے بعد بجلی کی پیداواری صلاحیت میں ہونے والا 81 فیصد اضافہ ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہونے کے بجائے بوجھ بن گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہاں بجلی کی نصب شدہ صلاحیت 41,213 میگاواٹ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی، وہاں اس دوران صنعتی ٹیرف میں 289 فیصد اور زرعی ٹیرف میں 216 فیصد تک غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتیں عام آدمی اور صنعت کی قوتِ خرید سے باہر ہونے کی وجہ سے طلب میں شدید کمی واقع ہوئی ہے۔ خاص طور پر زرعی شعبے میں بجلی کی کھپت میں مسلسل گراوٹ دیکھی جا رہی ہے کیونکہ کسان مہنگی بجلی چھوڑ کر سولر سسٹم پر منتقل ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے مقامی اور سستے ذرائع کی طرف منتقل ہوا جائے تاکہ صنعتی مسابقت کو بحال کیا جا سکے۔
