پینٹاگون کا لیبر یونین ختم کرنے کا حکم، امریکی لیبر یونینز اور انتظامیہ میں تصادم
پاکستان، نیدرلینڈز کا تجارت میں تعاون محنت کشوں کیلئے مواقع بڑھنے کا امکان
اسلام آباد (نمائندہ / لیبر نیوز ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور سیکرٹری تجارت جواد پال سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سئیگریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی تجارت، زراعت، محنت کے شعبے میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ وزارتِ تجارت کے مطابق پاکستان پیداوار اور معیار بہتر بنا کر نیدرلینڈز کو برآمدات بڑھا سکتا ہے، متوقع تجارت سے زرعی و صنعتی شعبوں کے محنت کشوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں نوجوان افرادی قوت خدمات کی برآمدات میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات تک رسائی سے لیبر فورس کو فائدہ پہنچے گا۔ سیکریٹری تجارت نے جی ایس پی پلس کے تحت مزدوروں کے حقوق، پیداواری معیار اور برآمدی تقاضوں پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں باسمتی چاول کی شناخت اور صنعتی شعبے پر ایتھانول برآمدی پابندی کے اثرات بھی زیر بحث آئے۔
نیدرلینڈز کے سفیر نے کہا کہ ڈچ کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے راستے پہلے سے بہتر ہو چکے ہیں، جبکہ پانی کے انتظام اور زرعی ٹیکنالوجی منتقل کرنے کے منصوبے پاکستان کیلئے معاون ثابت ہوں گے، جس سے زرعی شعبے میں محنت کشوں کی پیداوار اور روزگار دونوں میں اضافہ ہوگا۔
