کپاس کی پکار موبائل ایپ پنجاب اور سندھ کی زرعی مزدور یونینز کا تاریخی انقلاب
سندھ میں لیبر کوڈ نافذ نہیں ہو گا، نجکاری گھناؤنا جرم ہے، سعید غنی

کراچی ( لیبر نیوز ویب ڈیسک) وزیر محنت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باقاعدہ مشاورت کے بغیر صوبے میں نیا لیبر کوڈ کسی صورت نافذ نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے تحت منعقدہ نیشنل لیبر کانفرنس 2026 کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اداروں کی نجکاری کو گھناؤنا جرم قرار دیا
ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے بعد مؤثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے خریدار اداروں کی زمینیں اور مشینری فروخت کر دیتے ہیں، جس سے ہزاروں مزدور بے روزگار ہو جاتے ہیں۔
سعید غنی نے ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کرپشن کے خلاف کارروائیوں میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن یا انکوائری کمیٹی کے قیام پر عدلیہ کی جانب سے امتناعی حکم جاری کر دیا جاتا ہے اور ملزمان بحال ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کے 3 ارکان کی دوبارہ منظوری دے دی ہے۔
